نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شاہین شاہ آفریدی اور محمد حفیظ نے خیبرپختونخوا کو فتح دلادی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے محمد حفیظ اور فخرزمان کے درمیان 100 رنز کی عمدہ شراکت کی بدولت سندھ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ خیبرپختونخوا نے 184 رنز کا ہدف 6 گیندیں قبل 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے 42 گیندوں پر4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ فخر زمان نے بھی 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 61 رنز اسکور کرکے اپنی کھوئی ہوئی فارم واپس حاصل کی۔ دونوں بلے بازوں نے 8 کے انفرادی اسکور پر ان فارم کپتان محمد رضوان کےآؤٹ ہونے کے بعد دوسری وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت قائم کی۔ مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد نے 21 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 40 رنز بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ سندھ کے انور علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل محمد رضوان نے ٹاس جیت کر سندھ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اوپنر شرجیل خان نے56 گیندوں پر 7 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے۔ انہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے احسان علی کے ہمراہ 111 رنز جوڑے۔ احسان علی 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ سندھ کا کوئی بھی بلے باز شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔ سندھ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر183 رنزبنائے۔
شاہین آفریدی نے 21 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ وہ ایونٹ میں دو مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرنےوالے واحد باؤلر بننے کے ساتھ ساتھ 12 وکٹیں حاصل کرکے ٹاپ باؤلر بھی بن گئے ہیں۔
نوجوان فاسٹ باؤلر نے کہا کہ وہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے پر خوش ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ نئی اور پرانی دونوں گیند سے سوئنگ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ شاہین آفریدی نے امید ظاہرکی ہے کہ وہ اگلے میچ میں چھ وکٹیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ دونوں ٹیمیں اب 13 اکتوبر کوپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ٹکرائیں گی۔
0 کمنٹس:
ایک تبصرہ شائع کریں